پارٹی میں بیان بازی افسوس ناک، اتحاد کی ضرورت : اسد قیصر

عمران کی بہنوں کے سیاسی عزائم نہیں، بھائی کی رہائی کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں
پی ٹی آئی قومی ایجنڈے پر حکومت سے مذاکرات کو تیار ،سابق سپیکر کا انٹرویو
لاہور(خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارٹی میں بیان بازی کو افسوسناک قرار دے دیا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کے کوئی سیاسی عزائم نہیں، عمران خان کی بہنیں اپنے بھائی کی رہائی کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں، ان سے متعلق گفتگو میں سب کو احتیاط برتنی چاہیے، اس وقت برداشت اور اتحاد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک میں بے یقینی کی صورتحال ہے، پی ٹی آئی قومی ایجنڈے پر حکومت سے مذاکرات کو تیار ہے، چاہتے ہیں وسیع تر قومی ایجنڈے پر حکومت کے ساتھ بات ہو۔سابق سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور شہرام کے بھائیوں کو کے پی کے میں دوبارہ وزارتیں آفر کی گئیں، ہم نے وزارتیں لینے سے معذرت کر لی۔