پاکستانی ٹیلنٹ ، چینی ٹیکنالوجی ناقابلِ تسخیر دیوار ہیں: مشاہد حسین سید

 اقتصادی و سیاسی طاقت کا توازن مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے ،پاک چین انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام ڈائیلاگ سے خطاب 
اسلام آباد (آئی این پی ) سینئر سیاستدان  اور پاک چین انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے پاکستانی ٹیلنٹ اور چینی ٹیکنالوجی کو جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کیلئے ایک ناقابلِ شکست دیوار قرار دیا ہے۔ مشاہد حسین سید نے یہ بات پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل کی مشترکہ تعمیر کے موضوع پر اسلام آباد میں پاک،چین انسٹیٹیوٹ کے زیر ِ اہتمام اہم ڈائیلاگ کا انعقاد کے موقع پر کہی۔ فرینڈز آف سلک روڈ کے بینر تلے ہونے والے اس اجلاس میں سیاسی قائدین، سفارتکاروں، اراکینِ پارلیمنٹ، طلبہ، ماہرین اور چینی وفد نے شرکت کی۔مقررین نے پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹوکو امن، خوشحالی اور علاقائی رابطے کیلئے ایک طاقتور محرک قرار دیا۔ڈائیلاگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کا اعلیٰ سطحی پانچ رکنی وفد شریک ہوا جس کی قیادت ترجمان اور چیف آف انفارمیشن، سفیر ہو ژا منگ نے کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے  خطاب میں کہا کہ دنیا میں اقتصادی و سیاسی طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے، اور یہ ایشیائی صدی کی نوید ہے۔انہوں نے چین کے پرامن ابھار کو ترقی پذیر اقوام کے لیے ایک حوصلہ افزا قوت قرار دیا اور بھارت کی حالیہ جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیلنٹ اور چینی ٹیکنالوجی جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کے لیے ایک ناقابلِ شکست دیوار ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا اور سرد جنگ جیسے بیانیے کو مسترد کیا۔چینی وفد کے سربراہ سفیر ہو ژا منگ نے پاکستان کو چینی عوام کے دل میں گہرائی سے نقش قرار دیا۔ انہوں نے کہا، چین اور پاکستان ایک سکے کے دو رخ ہیں، ایک کے بغیر دوسرا ممکن نہیں۔