بیت حنون اور بیت لاحیہ سے جبری بیدخل کیے گئے فلسطینی عارضی پناہ گزین کیمپ میں رہائش پذیر تھے،اسرائیل نے غزہ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ،شام پر فضائی حملے میں 11شہید ہوگئے
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ میں وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے طبی مرکز پر حملہ کر دیا، جس میں 22 معصوم فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق بیت حنون اور بیت لاحیہ سے جبری بیدخل کیے گئے فلسطینی عارضی پناہ گزین کیمپ میں رہائش پذیر تھے جب اسرائیلی فضائی حملے نے انہیں نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں مجموعی طور پر 80 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔اسرائیل نے غزہ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا اور رفح اور خان یونس کے علاقوں کو الگ کر کے اسے "موراج کوریڈور" کا نام دے دیا۔اسرائیلی فوج نے لبنان اور شام پر بھی فضائی حملے کیے۔ شام کے صوبے دارا میں 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ لبنان میں ہونے والے حملے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔