لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پناہ گزین افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں، بلکہ ایک کربناک مجبوری ہے جسے اختیار نہیں کیا جاتا بلکہ حالات اسے مسلط کر دیتے ہیں۔اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی انسان شوق سے مہاجر نہیں بنتا، زندگی بچانے کے لیے اُسے اپنا آنگن، اپنی مٹی، اور اپنی چھت چھوڑنی پڑتی ہے۔ جنگیں ختم ہو جاتی ہیں لیکن مہاجرین کی بے گھری کئی نسلوں تک پیچھا نہیں چھوڑتی۔انہوں نے کہا کہ فلسطین، شام اور دیگر خطوں کے بے گھر مہاجرین پوری انسانیت کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں۔ دنیا کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پناہ مانگنے والا شخص کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے اور اسے ہمدردی، انصاف اور تحفظ کی ضرورت ہوتی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ محدود وسائل کے باوجود لاکھوں مہاجرین کی فراخ دلی سے میزبانی کی اور ان کے لیے باعزت زندگی کا بندوبست کیا۔ پاکستان نے دنیا کے سامنے انسان دوستی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی مظلوموں کی آواز بنتا رہے گا