وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر صوبے بھر کی انتظامیہ، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام کو بارشوں کے دوران ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کو مون سون بارشوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے واسا کی مشینری، عملے اور دیگر ضروری وسائل ہر وقت دستیاب رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک، کاروبار اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوتی ہے، اس لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں کا مکمل اندازہ ہے، اسی لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی اقدامات کریں اور بارشی پانی جمع نہ ہونے دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے اور جہاں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاع ملے وہاں فوری کارروائی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنایا جائے، جبکہ ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کرے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران باہمی رابطہ مؤثر رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔