پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ کے ساتھ صلح کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہوئے اور طلاق کا قانونی عمل جاری رہے گا۔
حال ہی میں ایمان فاطمہ کے بھائی عون شیخ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ والدہ کے مشورے پر بہن اور بچے کے بہتر مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔تاہم رجب بٹ نے اپنی نئی ویڈیو میں ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ایمان فاطمہ کے درمیان جو کچھ ہو چکا ہے، اس کے بعد صورتحال معمول پر نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی معاملات مکمل ہونے میں وقت لگتا ہے، لیکن طلاق کا فیصلہ برقرار ہے۔رجب بٹ نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی تمام مالی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے کیونکہ بچے کی ضروریات پوری کرنا ان کا فرض ہے۔ تاہم انہوں نے ایمان فاطمہ اور عون شیخ سے اپیل کی کہ وہ صلح سے متعلق ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جو حقیقت کے برعکس ہوں۔
یوٹیوبر کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں کے درمیان صلح نہیں ہوئی تو پھر رجب بٹ کی جانب سے ایمان فاطمہ کو پھول بھیجنے کی وجہ کیا تھی، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات برقرار نظر آ رہے ہیں۔واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے درمیان تعلقات کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں۔ دونوں کی نجی زندگی سے متعلق معاملات مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔