بھاٹی چوک انڈر پاس کی فنشنگ آخری مراحل میں ، جلد کھول دیاجائیگا:بریفنگ
لاہور (خصوصی رپورٹ )ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ریلوے سٹیشن، مصری شاہ، بھاٹی چوک اور داتا دربار کے اطراف جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ میں بتایاریلوے سٹیشن پارکنگ ایریا میں جلد ڈانسنگ فاو نٹین لگایا جا رہا ہے۔ سٹیشن کے ایک طرف ریلوے کا انجن اور دوسری طرف بوگی نصب کی گئی ہے۔سٹیشن سے منسلک ریلوے وال اور اک موریہ، دو موریہ پل پر بیوٹیفکیشن کا کام تکمیل کے قریب ہے۔شیرانوالہ فلائی اوور کے نیچے سٹنگ ایریا ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔ریلوے سٹیشن کی جانب جانے والی ٹریفک کیلئے کنٹرولڈ پارکنگ کا میکانزم نصب کیا جا رہا ہے۔ڈی جی نے ریلوے سٹیشن کے اطراف فنشنگ کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ڈی جی نے مصری شاہ میں اربن ریجنریشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اوربھاٹی چوک انڈر پاس کے فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔چیف انجینئر ٹیپا نے بتایا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کی فنشنگ آخری مراحل میں ہے، جلد کھول دیاجائے گا۔ڈی جی نے انڈر پاس کے اطراف سروس روڈ کا کام تیز کرنے اور داتا دربار توسیعی منصوبے کے فنشنگ کے کام جلد مکمل کرنے اور مون سون بارشوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر حفاظتی اقدامات اپنانے اور نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت کی۔