غیر ملکی خواتین ز یا د تی کیس :ملزم ‘‘باس’’کا جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور پولیس نے ملزم وحید طاہر کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت پیش کیا
 لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل نے ملزم کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی 
لاہور (کرائم  رپورٹر )لاہور پولیس نے غیر ملکی خواتین سے زیادتی و اغوا کے مقدمہ کے ملزم وحید طاہر عرف باس کو مقامی عدالت پیش کردیا۔ ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے ملزم وحید طاہر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم وحید طاہر عرف باس کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئیجاری تحریری فیصلہ میں کہا کہ پولیس نے 19 جولائی کو ملزم وحید طاہر عرف باس کو ایمبولینس پر عدالت پیش کیا۔تفتیشی کے مطابق ملزم کو 18 جولائی کو گرفتار کیا گیا ، ملزم سے اسلحہ ،تاوان کی رقم ،جیولری اور لیپ ٹاپ برآمد کرنا ہے ، عدالت نے ملزم کو تفتیش کے لیے 24 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ،ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل نے ملزم کی والدہ ممتاز بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھاکہ پولیس نے وحید طاہر کو گرفتار کیا لیکن کسی عدالت پیش نہیں کیا ، دوران سماعت سرکاری وکیل نے پولیس رپورٹ پیش کردی جس میں بتایا کہ ملزم پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہے،عدالت نے درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔