غیر ملکی خاتون سے زیادتی کیس ، مسکان کا جسمانی ریمانڈ منظور

پولیس کو جیل میں خاتون پولیس افسر کی موجودگی میں ملزمہ سے تفتیش کی اجازت 
لاہور (آئی این پی )غیر ملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے کیس میں عدالت نے ملزمہ مسکان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس کے مطابق تفتیشی افسر نے ملزمہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔عدالت نے پولیس کو جیل میں خاتون پولیس افسر کی موجودگی میں ملزمہ سے تفتیش کرنے کی اجازت دے دی، تاہم ملزمہ مسکان کو پولیس کی براہ راست تحویل میں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تحریری فیصلے کے مطابق ملزمہ سے موبائل فون اور مبینہ نشہ آور مواد کی برآمدگی سے متعلق تفتیش جیل میں کی جائے گی۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ مسکان کو جیل سے باہر لانے کے لیے پولیس کو عدالت سے اجازت لینا ہوگی۔ملزمہ کو 3 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔