ٹریفک اہلکاروں پر تشدد ،4ملزم گرفتار

رانگ پارکنگ ، اوور سپیڈنگ سے روکنے پرحملہ کرنے پر مقدمات درج 
لاہور(کرائم رپورٹر)رانگ پارکنگ اور اوور سپیڈنگ سے روکنے پر دو مختلف واقعات میں چھ افراد کاٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد ، سٹی ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ملزموں کو گرفتار کر لیا،دو ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا، جسکے بعد مقدمات درج کرکے گرفتار افراد کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔ٹریفک اہلکاروں نے رانگ پارکنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے روکاتو ملزموں نے اہلکاروں سے بدتمیزی کرتے ہوئے حملہ کر دیا۔سی ٹی او کاکہناہے کہ ٹریفک اہلکاروں پر حملہ یا ان کیساتھ بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ایویڈنس بیسڈ چالاننگ کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا اور غلط چالان کی صورت میں شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔سی ٹی او نے خبردار کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ،پولیس اہلکاروں سے الجھنے یا تشدد کرنیوالوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی ٹریفک اہلکار باریشکایت ہو تو وہ ہیلپ لائن 0322-5638888 پر رابطہ کریں، جہاں ہر شکایت کا شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر ازالہ کیا جائے گا۔