مسلح گارڈز نے کار سوار شہری پر فائرنگ، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم
ڈولفن فورس کے پہنچنے پر ملزم گاڑی چھوڑ کر فرار فلیشر لائٹ بھی لگا رکھی تھی، ویڈیو وائرل ہونے پرملزم پکڑے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر)دھرم پورہ انڈر پاس کے نیچے ایک نجی کمپنی کے مسلح گارڈز نے کار سوار شہری پر فائرنگ کردی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، 4ملزم گرفتار کرلئے گئے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈالے پر سوار مسلح ملزموں نے شہری عمران کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس پر فائرنگ کی۔ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق، فائرنگ کی آواز سنتے ہی ڈولفن ٹیم نمبر 17 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کا تعاقب شروع کیا، بروقت رسپانس کی بدولت شہری محفوظ رہا، تاہم اس کی گاڑی کو نقصان پہنچا، ملزم رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے،ڈولفن فورس نے ملزموں کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا، جس سے تین رائفلیں اور گولیوں سے بھرے میگزین برآمد ہوئے،حیران کن طور پر ملزموں کی گاڑی پر پولیس فلیشر لائٹ بھی لگی ہوئی تھی، جس سے وہ خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ اور گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مغلپورہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، ادھر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیاجبکہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی، ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ میں ملوث گارڈز کی سکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیاہے، ادھر سپیشل ٹیم نے فوری کارروائی کر کے 4ملزموں کو گرفتار کرلیا، ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزموں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ گارڈ فراہم کرنے والی سکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔