گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ،کراچی پولیس کو مطلوب ملزم پولیس حراست سے رفو چکر
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کی کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے 4 ملزم فرار ہوگئے۔ گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزموں کو کیمپ جیل سے عدالت پیشی پر لایا گیا تھا، ملزم بخشی خانے کی گرل توڑ کر فرار ہوگئے۔ فرار ہونے والے دو ملزموں کی شناخت ہوگئی ہے جن میں منشیات مقدمے کا ملزم ریاض اعجاز اور قتل کیس کا ملزم حسن صفدر شامل ہیں دیگر دو ملزموں کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ دوسرے واقعہ میں کراچی پولیس کو مطلوب ملزم پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے پولیس حراست سے فرار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم فقیر حسین کو کراچی پولیس نے مغلپورہ سے گرفتار کر کے کینٹ کچہری پیش کر کے ریمانڈ لیا اس دوران حراست میں طبیعت بگڑنے پر اسے پی آئی سی منتقل کیا گیا، جہاں ملزم پولیس پارٹی کو چکمہ دیکر فرار ہو گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کی معاملے کو دبانے کی کوشش کی اور افسروں کو بھی آگاہ نہ کیا۔ ملزم کیخلاف کراچی میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمات درج ہیں۔