عالمی منڈی میں منگل کے روز خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں برینٹ خام تیل 35 سینٹ کمی کے بعد 88.87 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 82.47 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
مارکیٹ پر ایک جانب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی سفارتی کوششوں، جبکہ دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان جاری حملوں اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں کے اثرات نمایاں رہے۔رپورٹس کے مطابق ایران کو ثالث ممالک کی جانب سے 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز موصول ہوئی ہے، تاہم اسی دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق پیش رفت کی توقعات نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو وقتی طور پر محدود رکھا ہے، جبکہ مستقبل میں قیمتوں کا انحصار سفارتی مذاکرات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر ہوگا۔ ساتھ ہی امریکا میں خام تیل اور پیٹرول کے ذخائر میں کمی کی اطلاعات بھی مارکیٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔