امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، جنگ بندی کی ناکامی اور خلیجی خطے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں جمعہ کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
برینٹ خام تیل 70 سینٹ اضافے کے بعد 85.28 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 81 سینٹ اضافے کے ساتھ 80 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ اماراتی مربن خام تیل بھی 77.73 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔رواں ہفتے برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں کی قیمتوں میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق بحیرۂ احمر میں ممکنہ رکاوٹوں اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتے جغرافیائی سیاسی خطرات نے عالمی تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث قیمتوں پر اضافی دباؤ برقرار ہے۔عالمی توانائی ایجنسی (IEA) نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو آئندہ ہفتوں میں عالمی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔