خود کو دانشمندی اور ذہین نہیں سمجھتی، بعض اوقات انسان اپنی زندگی کے مسائل سے بھاگ جانا چاہتا ہے اور میں بھی اسی کیفیت میں تھی
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ، میزبان، کامیڈین، مصنفہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر اقبال انصاری میری شہرت کو برداشت نہیں کر پاتے تھے۔حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے سابق شوہر اقبال انصاری سے طلاق کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔اپنے طلاق کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں ان کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتی کیونکہ وہ نہایت ذہین انسان اور بہترین ہدایت کار تھے، آپ نے یقینا سنا ہو گا کہ وہ پی ٹی وی کے بہترین ڈائریکٹرز میں شمار ہوتے تھے، تاہم ان کی طبیعت میں غصہ اور کئی دیگر مسائل بھی موجود تھے۔طلاق کے فیصلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ میرا فیصلہ بہت اچھا یا انتہائی دانشمندانہ تھا اور نہ ہی میں خود کو بہت ذہین سمجھتی ہوں، بعض اوقات انسان اپنی زندگی کے مسائل سے بھاگ جانا چاہتا ہے اور میں بھی اسی کیفیت میں تھی، مجھے نہیں معلوم معاملات اس نہج پر کیسے پہنچے لیکن آخرکار ہماری طلاق ہو گئی۔بشری انصاری نے سابق شوہر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اقبال انصاری ایک اچھے والد ہیں، وہ اب بھی بچوں کا بھرپور خیال رکھتے ہیں۔