کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ، بشریٰ انصاری نے طلاق کے بعد نام سے انصاری نہ ہٹانے کی وجہ بتا دی۔ ایک پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ سرکاری دستاویزات میں میرا نام بشریٰ بشیر ہے، تاہم میں بشریٰ انصاری کے نام سے جانی جاتی ہوں، بہت سے لوگ مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے نام سے انصاری ہٹا دوں، تاہم میں ایسا نہیں کرنا چاہتی کیونکہ اس سے لوگوں میں مزید الجھن پیدا ہو گی۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صبا حمید ایک طویل عرصے تک صبا پرویز کے نام سے جانی جاتی رہیں اور لوگوں کو اسی نام کی عادت ہو گئی تھی، اسی طرح اگر میں اب اپنا نام تبدیل کرتی ہوں تو لوگ بشریٰ بشیر اور بشریٰ انصاری کے درمیان الجھن کا شکار ہوں گے۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ اقبال انصاری خود ایک معروف شخصیت ہیں، ان کی بیٹیاں بھی انصاری ہیں اور اگر انصاری خاندان کو میرے نام کے ساتھ انصاری رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں تو دوسروں کو اس پر اعتراض کیوں ہونا چاہیے؟اداکارہ کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنا نام تبدیل نہیں کروں گی۔