قریبی لوگوں سائرہ اور شہروز کا نام کیوں لوں گی؟ معلوم نہیں ایسے شرپسند لوگوں کا کیا بنے گا،بیان
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف سینئر اداکارہ بشری انصاری نے قریبی دوستوں کے بچوں کی طلاق سے متعلق بیان کو بہروز سبزواری کے بیٹے اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف سے جوڑنے پر سوشل میڈیا پیجز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔چند روز قبل بشری انصاری نے اپنے قریبی دوستوں کے اکلوتے بیٹے کی شادی ختم ہونے سے متعلق بیان دیا تھا اور بتایا تھا کہ بہو اپنے سسرال کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی تھی، جس کے باعث جوڑے میں علیحدگی ہو گئی، تاہم کئی سوشل میڈیا پیجز نے اس واقعے کو سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری سے جوڑ دیا۔بشری انصاری نے اب اپنے تازہ وی لاگ میں اس معاملے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل میں اپنی پیاری مایا کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دے رہی تھی، میں نے اپنے دوستوں کا ایک واقعہ سنایا تھا، جن کا بیٹا اپنے والدین کو چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھا کیونکہ اس کی اہلیہ الگ رہنا چاہتی تھی لیکن کسی نے اس کہانی کو توڑ مروڑ کر سائرہ اور شہروز سے جوڑ دیا۔اداکارہ نے کہا کہ میں نے کب کہا تھا کہ وہ اداکار ہیں؟ میں جن کی بات کر رہی تھی وہ تو بینکرز ہیں، میرے بہت سے ایسے دوست ہیں جن کا صرف ایک بیٹا ہے، لوگ اتنے منفی اور شرپسندانہ رویے کے حامل ہیں کہ پوری بات کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اور میں اپنے اتنے قریبی لوگوں سائرہ اور شہروز کا نام کیوں لوں گی؟ مجھے نہیں معلوم کہ ایسے شرپسند لوگوں کا کیا بنے گا۔