طلبہ کے سوالات کے تفصیلی جوابات، نوجوان قومی یکجہتی، روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، سرفراز بگٹی
اسلام آباد (آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ سمر کیمپ 2026 کے سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز، قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا گیا۔ نشست کے دوران طلبہ نے مختلف قومی و علاقائی موضوعات پر سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے تفصیلی جوابات دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے چار ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار، قیادت کی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کے دوران بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور نوجوانوں کی قومی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔