ورلڈ چیمپئن لیگ: پاک بھارت میچ کی منسوخی پر انتظامیہ کی وضاحت اور پاکستانی شائقین سے معذرت

ورلڈ چیمپئن لیگ: پاک بھارت میچ کی منسوخی پر انتظامیہ کی وضاحت اور پاکستانی شائقین سے معذرت

ورلڈ چیمپئن لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع ہائی وولٹیج میچ کی اچانک منسوخی کے بعد شائقین کرکٹ میں شدید مایوسی دیکھی گئی، جس پر بڑھتے دباؤ کے بعد لیگ انتظامیہ نے باضابطہ وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز اور پاکستانی فینز سے خلوص دل سے معذرت کر لی ہے۔

ابتدائی طور پر جاری کیے گئے اعلامیے میں پاکستان چیمپئنز اور شائقین کرکٹ کا ذکر تک نہیں کیا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ پاکستانی شائقین نے لیگ انتظامیہ پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک اہم میچ کی منسوخی کی وضاحت میں پاکستان کا تذکرہ کیوں نہیں کیا گیا۔فینز اور پاکستان چیمپئنز کی جانب سے بڑھتے دباؤ کے بعد ورلڈ چیمپئن لیگ کی انتظامیہ نے ایک نیا بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے:"ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ میچ کی منسوخی سے پاکستان چیمپئنز اور پاکستانی شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، اور ہم خلوص دل سے اس پر معذرت خواہ ہیں۔ ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ لیگ کا ساتھ دیا اور سپورٹ کیا۔"بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ:"ہم نے کبھی ارادتاً اپنے الفاظ یا فیصلے سے کسی کو تکلیف پہنچانے کی کوشش نہیں کی۔

ہماری کوشش ہے کہ ہم تمام شائقین کے لیے ایک کامیاب اور یادگار ٹورنامنٹ یقینی بنائیں۔"لیگ انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے فیصلوں میں تمام ٹیموں اور ان کے مداحوں کے جذبات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا تاکہ کھیل کا جذبہ برقرار رہے اور کسی بھی ملک یا ٹیم کے ساتھ ناانصافی کا تاثر پیدا نہ ہو۔پاک بھارت مقابلہ کرکٹ کی دنیا میں ہمیشہ غیر معمولی اہمیت کا حامل رہا ہے، اس لیے اس میچ کی منسوخی نے فینز کے جوش و خروش کو خاصی حد تک متاثر کیا۔ انتظامیہ کی طرف سے معذرت کے بعد صورتحال کسی حد تک سنبھل گئی ہے، تاہم فینز اب بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایسے معاملات میں شفافیت اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔