ویب ڈیسک: جرمنی نے غیر یورپی یونین ممالک سے تعلق رکھنے والے فری لانسرز کے لیے ایک نیا اور سہل ’’فری لانس ویزا‘‘ متعارف کرا دیا ہے، جو بھارتی، پاکستانی، بنگلہ دیشی اور دیگر غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے یورپ میں کام اور رہائش کا نیا دروازہ کھولتا ہے۔
یہ ویزا ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے جاری کیا جائے گا، تاہم اگر درخواست گزار جرمنی کے مقررہ شرائط اور قوانین پر پورا اترتے رہیں تو اسے تین سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، جرمنی میں مسلسل پانچ سال رہائش، زبان پر عبور، اور مالی استحکام ثابت کرنے کے بعد مستقل رہائش (Permanent Residency) کے لیے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔
کن پیشوں کے افراد اہل ہیں؟
جرمن انکم ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 18 کے مطابق درج ذیل آزاد پیشہ ور افراد اس فری لانس ویزا کے اہل ہیں:
سائنسدان، فنکار، اساتذہ، ڈاکٹر، دانتوں کے ڈاکٹر، ویٹرنری ڈاکٹر
وکیل، نوٹری، پٹنٹ ایجنٹ، انجینئر، آرکیٹیکٹ، سرویئر
کیمیا دان، اکاؤنٹنٹ، ٹیکس کنسلٹنٹ، صحافی، مترجم، فوٹو جرنلسٹ
پائلٹ، معالج، تھراپسٹ اور دیگر سیلف ایمپلائڈ پروفیشنلز
درکار دستاویزات
فری لانس ویزا کے لیے درج ذیل کاغذات درکار ہوں گے:
کارآمد پاسپورٹ (جس کی معیاد 10 سال سے کم ہو اور اس میں دو خالی صفحات موجود ہوں)
مکمل شدہ اور دستخط شدہ ویزا درخواست فارم
تفصیلی کاروباری منصوبہ، آمدنی کی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کی تفصیل
تعلیمی اسناد (مصدقہ)، تفصیلی CV
جرمنی میں کاروباری روابط یا کلائنٹس کی معلومات
کم از کم ایک سال کی مالی کفالت کا ثبوت
کرایہ نامہ (اگر مکان حاصل کر لیا ہے)
ہیلتھ انشورنس
45 سال سے زائد عمر والے درخواست دہندگان کے لیے پنشن یا اثاثہ جات کا ثبوت
حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر
ویزا فیس: 75 یورو (تقریباً 2,800 پاکستانی روپے)
درخواست کا طریقہ کار
نیشنل ڈی ویزا فارم مکمل کریں
اپنے ملک میں جرمن سفارتخانے یا قونصل خانے سے اپوائنٹمنٹ لیں
تمام دستاویزات کے ہمراہ اپوائنٹمنٹ کے دن پیش ہوں
بائیومیٹرک ڈیٹا بھی جمع کروایا جائے گا
ابتدائی طور پر آپ کو 3 سے 6 ماہ کا عارضی ویزا جاری کیا جائے گا۔ جرمنی پہنچنے کے بعد، آپ کو دو ہفتوں کے اندر اپنا پتہ رجسٹر کروانا ہوگا، اور پھر امیگریشن آفس سے مستقل فری لانس رہائش کا پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔
دیگر اہم نکات
ویزے کی منظوری کا انحصار آپ کے پیشے، مالی حالت، جرمنی کے مقامی حالات، اور زبان و انشورنس کی اہلیت پر ہوگا.آپ کو یہ واضح طور پر ثابت کرنا ہوگا کہ آپ جرمنی میں قیام کے دوران قانونی اور مستحکم آمدنی حاصل کر سکتے ہیں