بنگلادیش نے پاکستان کے ساتھ اہم سفارتی پیش رفت کرتے ہوئے 1971ء کے بعد پہلی بار پاکستانی حکام کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دی ہے۔
اب دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد بغیر ویزا کے ایک دوسرے کے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں قائم عبوری حکومت نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت پاکستانی حکام کو بھی آئندہ 5 سال کے لیے ویزا کے بغیر بنگلادیش جانے کی سہولت حاصل ہو گی۔بنگلادیشی عبوری حکومت کے پریس سیکریٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہونے والا یہ معاہدہ باہمی تعلقات میں مثبت سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلادیش کے 31 دیگر ممالک کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے ویزا استثنیٰ معاہدے پہلے سے موجود ہیں۔سفارتی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی سمت دے گا اور مستقبل میں باہمی اعتماد اور تعاون میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔