یو اے ای کا ماحولیاتی ماہرین کے لیے نیا اقدام: بلیو ریزیڈنسی ویزا کے لیے 180 دن کا ملٹی انٹری پرمٹ متعارف

یو اے ای کا ماحولیاتی ماہرین کے لیے نیا اقدام: بلیو ریزیڈنسی ویزا کے لیے 180 دن کا ملٹی انٹری پرمٹ متعارف

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں، سبز ٹیکنالوجی اور پائیداری کے میدان میں خدمات انجام دینے والے غیر ملکیوں کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلیو ریزیڈنسی ویزا حاصل کرنے کی غرض سے 180 دن کا ملٹی انٹری پرمٹ باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔

یہ نیا پرمٹ فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور بندرگاہ سیکیورٹی (ICP) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اب اہل غیر ملکی ماہرین ICP کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

بلیو ریزیڈنسی ویزا کیا ہے؟
یہ ایک 10 سالہ رہائشی ویزا ہے جو ماحولیاتی ماہرین، سائنسدانوں، سرمایہ کاروں، اور پائیداری سے وابستہ نجی یا سرکاری شعبوں کے ماہرین کو دیا جاتا ہے۔ اس ویزے کا مقصد یو اے ای کو کلائمٹ ایکشن اور ماحولیاتی اختراع کا عالمی مرکز بنانا ہے۔

درخواست کا طریقہ کار:
درخواست دینے کا عمل انتہائی آسان اور تیز ہے:

صرف 5 مراحل پر مشتمل ہے۔
فارم مکمل کرنے میں تقریباً 7 منٹ درکار ہوتے ہیں۔
ضروری دستاویزات:

کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ
حالیہ تصویر
ماحولیاتی شعبے میں خدمات یا تجربے کا ثبوت
درخواست جمع کروانے کے بعد ایک ورکنگ دن میں عمل مکمل ہو جاتا ہے۔

پس منظر:
یو اے ای اس سے قبل گولڈن ویزا اور گرین ویزا جیسے طویل مدتی رہائشی منصوبے متعارف کرا چکا ہے، اور اب بلیو ریزیڈنسی کا اجراء بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے نہ صرف قابل افراد کو مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں بلکہ ملک کو ماحولیاتی قیادت میں ایک اہم عالمی کردار بھی دیا جا رہا ہے۔