دھرمپورہ میں ٹریفک حادثے کے بعد کار سوار خاتون کی شہری پر بدکلامی اور تشدد، ویڈیو وائرل

دھرمپورہ میں ٹریفک حادثے کے بعد کار سوار خاتون کی شہری پر بدکلامی اور تشدد، ویڈیو وائرل

لاہور کے علاقے دھرمپورہ کنال روڈ پر معمولی ٹریفک حادثے کے بعد دو کار سواروں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔

 اس دوران ایک خاتون کار سوار نے نہ صرف شہری کو تھپڑ مارے بلکہ نازیبا زبان بھی استعمال کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس پر شہریوں نے شدید ردعمل دیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر کے نتیجے میں خاتون کی گاڑی کا بمپر متاثر ہوا جس پر وہ طیش میں آ گئیں اور دوسری گاڑی میں موجود شہری پر برس پڑیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون شہری کو بار بار تھپڑ مارتی اور اونچی آواز میں نازیبا الفاظ استعمال کرتی رہی۔

جھگڑے کے دوران موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار بیچ بچاؤ کی کوشش کرتا رہا، تاہم خاتون کی بلند آواز اور رویے کے باعث ماحول کشیدہ ہو گیا۔ خاتون شہری پر ہاتھ اٹھاتی رہیں جبکہ متاثرہ شخص تحمل سے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کرتا رہا۔واقعے کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ موقع پر موجود دیگر افراد نے بھی بیچ بچاؤ کی کوشش کی، لیکن خاتون مشتعل رویہ اختیار کیے رکھیں۔

پولیس کا مؤقف

ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر کسی فریق نے درخواست دی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسی صورتِ حال میں قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ردعمل

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے خاتون کے جارحانہ رویے کی مذمت کی اور کہا کہ کسی بھی نقصان یا غصے کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینا قابلِ قبول نہیں۔ کچھ افراد نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سڑکوں پر اس طرح کی بدتمیزی اور ہنگامہ آرائی کو روکا جا سکے۔