اساتذہ تنظیموں کا سکول ہیڈز کیلئے ٹیسٹ کابائیکاٹ

لاہور (خصوصی رپورٹ ) ٹیسٹوں کے ذریعے سے سکول سربراہان کی تعیناتی کے عمل کا اساتذہ تنظیموں نے بائیکاٹ کردیا۔ 5,051 سکولوں میں ہیڈز کے درخواستیں طلب کی گئی مگر 3,795 نے ہی اپلائی کیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے پہلی دفعہ سکول ہیڈز کی تعیناتی تحریری ٹیسٹ کے ذریعے سے کرنے کا فیصلہ کیا مگر اساتذہ تنظیموں نے اس کا بائیکاٹ کردیا۔ مقررہ تاریخ تک سکولوں کی تعداد کے مطابق بھی درخواستیں نہ آئیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی اس عدم دلچسپی کی وجہ حالیہ تبادلوں کی پالیسی، قیادت کرنے والوں کے لیے مراعات کی کمی اور حکومتی عدم توجہی کو قرار دیا جا رہا ہے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے سیکرٹری جنرل رانا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ اساتذہ خود کو بااختیار محسوس نہیں کرتے، انہیں مراعات یا تحفظ حاصل نہیں، صدر ایس ایس اے حافظ عبد الناصر کا کہنا ہے کہ اساتذہ تنظیموں نے ان اسامیوں کے لیے ہونے والے تحریری امتحانات کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق یہ ٹیسٹ 22 جولائی کو تمام اضلاع میں ہوں گے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیڈ ماسٹرز کی تقرری کے لیے پالیسی میں شفافیت، تحفظ اور مستقل مزاجی لائی جائے تاکہ تدریسی عملہ اعتماد کے ساتھ قیادت سنبھال سکے۔