گرمیوں کی چھٹیوں میں عارضی ہیڈز کو ہٹانے کا فیصلہ، تحریری ٹیسٹ لازم

پنجاب بھر میں بغیر امتحان تعینات تمام ہیڈز فارغ، 6،6 امتحانی مراکز قائم کرنے کی ہدایت
امتحانی سنٹرز میں بجلی، انٹرنیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے لازمی ہوں گے، ڈیٹا 4 جولائی تک طلب

لاہور (زیڈ این این)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بغیر امتحان تعینات ہونے والے تمام سرکاری سکول ہیڈز کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ نے یہ اقدام میرٹ، شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق عارضی طور پر تعینات تمام ہیڈز کو ان کے عہدوں سے فوری ہٹایا جائے گا، جنہیں بغیر کسی تحریری امتحان کے ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔تمام اضلاع میں 6،6 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ ہیڈز کی نئی بھرتی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔امتحانی مراکز والے سکولوں میں بجلی، انٹرنیٹ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی دستیابی لازمی قرار دی گئی ہے۔ہر مرکز میں کم از کم 40 امیدواروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہونا ضروری ہوگی۔محکمہ نے تمام اضلاع کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 4 جولائی 2025 تک مکمل ڈیٹا ڈی پی آئی (سیکنڈری) پنجاب کو ارسال کریں۔