منشیات کے خلاف 233 چھاپے، 126 ملزم گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویڑن کی تکمیل میں صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں، جس کے تسلسل میں 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 233 چھاپے اور منشیات کے دھندے میں ملوث 126 ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 53 کلوگرام چرس، 11 کلو گرام ہیروئن، 6 کلوگرام آئس اور 1277 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و اسمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد و نواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔