ریسکیو نے 24 گھنٹوں میں 1305 حادثات پر ریسپانڈ کیا

پنجاب بھر میں موٹرسائیکل حادثات کی شرح سب سے زیادہ رہی
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1305 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 624 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 903 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (76 فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے۔ اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 812 ڈرائیورز، 76 کم عمر ڈرائیور، 554 مسافر اور 173 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 263 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 329 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 95 حادثات میں 120 متاثرین کے ساتھ دوسرے، ملتان 70 حادثات میں 75 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1539 متاثرین میں 1241 مرد اور 298 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 334 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 788 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 417 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1234 موٹرسائیکلز، 83 آٹو رکشے، 115 کاریں، 29 وین، 13 مسافر بسیں، 43 ٹرک اور 113 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔