لاہور سمیت بیشتر اضلا ع میں آج بارش فلڈ الرٹ جاری :پی ڈی ایم اے
لاہور،اوکاڑہ ،حویلی لکھا ،شیر گڑھ،شیخوپورہ، مریدکے(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں چھتیں گرنے،کرنٹ لگنے سمیت دیگر واقعات میں 135 شہری جاں بحق ،79 زخمی ہوئے جبکہ 156گھر متاثر ہوئے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں/آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے دریائوں میں بارشوں کے باعث فلڈ الرٹ جاری کردیا۔دوسری طرف بارشوں کے نتیجہ میں نئے واقعات میں 2کمسن بچوں سمیت مزید 5فراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اوکاڑہ میں 10 سالہ بچی،شیرگڑھ میں خاتون ،مریدکے میں 10سالہ لڑکا اور 2 مزدور جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانی و مالی نقصانات بارے جاری رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 5، عمارات گرنے سے 99، کرنٹ لگنے سے 12 اور پانی میں ڈوبنے سے 19 لوگ جاں بحق ہوئے، بارشوں کے باعث 33 جانور ہلاک ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں 49 فیصد جبکہ تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ،نارووال، منڈی بہائوالدین، حافظ آباد، شیخوپورہ، قصور سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو ئی۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت29 اور زیادہ سے زیادہ34سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 65فیصدرہا۔لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 67فیصد رہی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج 21 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ، دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اوردریائے سندھ ،ملحقہ ندی نالوں میں مون سون بارشوں کے باعث پانی میں اضافے اور درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ ادھر اوکاڑہ میں گزشتہ روز تھانہ حویلی لکھا کے علاقے بلو شاہ میں ریت نکالنے کے بعد بننے والاگڑھا بارشی پانی سے بھر گیا، جس میں اچانک گر کر 10 سالہ بچی ام ایمن ڈوب گئی ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ریت نکالنے والے ایک ملزم یاسین گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دریں اثناء مریدکے میں دس سالہ بچہ عدنان پائوں پھسلنے سے نالہ ڈیک میں جاگرا اورڈوب کر جاں بحق ہو گیا ،ریسکیو اہلکاروں نے دو گھنٹے بعد لاش تلاش کر کے ورثا ء کے سپرد کردی۔علاوہ ازیں کوٹ پنڈی داس کے ایک فارم ہائوس پر دو مزدور شبیر اور رمضان ٹیوب ویل چلانے کیلئے کنویں میں اترے اورگیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے دم توڑ گئے۔ ادھر شدید بارشوں سے شیر گڑھ کے موضع26 ون اے ایل میں فضل دین کاگھر گر گیا جس سے اسکی بہو مسماۃ(ر)بی بی جاں بحق ہو گئی جبکہ2 بچے معمولی زخمی ہوئے ۔جبکہ شیر گڑھ میں محلہ غازی چوک میں نورصمند کی ملکیتی عمارت اچانک گرگئی جس سے بجلی کے تار بھی ٹوٹ کر زمین پر گر گئے اور آگ بھڑک اٹھی، کرنل چوک شیر گڑھ میں سلیم کی دکان کی چھت گر گئی، محلہ شاہانہ میں اشرف انور کا گھر زمین بوس ہو گیا۔