ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر صدارت اہم اجلاس میں احکامات جاری
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں لاہور کے مختلف سرکل ڈی ایس پیز اور ریڈر نے شرکت کی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈویڑنل افسران کو زیر التواء اور پینڈنگ کیسز کے چالان جلد ازجلد عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایت دی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کے مطابق سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ افسران کو اپنے متعلقہ تھانوں کا ریکارڈ پولکام کے مطابق اپ ڈیٹ رکھنے کی سخت ہدایات دیں۔ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگار کو سخت سزا دلوائیں۔ فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں۔ شہریوں کی شکایات، مشکلات اور ان کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ تمام افسران مظلوم کو فوری ریلیف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔