پنجاب میں فلڈ آپریشن جاری ، 1594 افراد ریسکیو

 تمام اداروں نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر رکھی ہے:ڈاکٹر رضوان نصیر 
لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈی جی پی آر پنجاب میں منعقدہ مون سون و فلڈ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کو مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبہ بھر میں ہائی الرٹ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں نے مون سون اور سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے قبل از وقت تیاری کر رکھی تھی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تجاوزات کے خاتمے کی پیشگی ہدایات کی وجہ سے بھی اربن فلڈنگ سے بہت سے علاقے محفوظ رہے۔ تاہم ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ بارش کے دوران اپنے گھر اور اردگرد کی نگرانی رکھے تاکہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ فلڈ ریسکیو آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ مخدوش سیلابی و نشیبی علاقوں میں 100 سے زائد ریسکیو بوٹس، 312 ریسکیورز، OBM انجن اور ضروری ایمرجنسی سامان کے ہمراہ فلڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہیں جبکہ مجموعی طور پر پنجاب بھر میں 25 جون سے اب تک صوبے بھر میں مون سون بارشوں اور سیلابی و نشیبی علاقوں میں 1594 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ جن میں مون سون بارشوں کی ایمرجنسیز کے دوران 780 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں، جن میں سے 449 شدید زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا اور 119 افراد جاں بحق ہوئے۔ جبکہ سیلابی و نشیبی علاقہ جات بالخصوص میانوالی، ڈی جی خان، لیہ، راجن پور، ننکانہ، نارووال اور جہلم سے 444 لوگوں کا قبل از وقت انخلا اور 370 لوگوں کے ساتھ ساتھ 202 مویشیوں کو بھی سیلابی علاقوں سے محفوظ مقامات تک ٹرانسپورٹیشن فراہم کی گئی