فلیش فلڈ، مون سون اور عمارت گرنے پر فوری ریسکیو کارروائیاں
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہے۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق اس وقت جہلم فلیش فلڈ میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 6 ریسکیو بوٹس 50 سے زائد ریسکیورز کے ساتھ ڈھوک شاہ عارف، سوہاوہ، ڈھوک بدر، رسول پور، چک محمدہ، بھمپر ولیج میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جہلم فلیش فلڈ سے 57 لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ میانوالی، راولپنڈی، چکوال، اٹک، ڈی جی خان، رحیم یار خان، راجن پور، لیہ میں ریسکیو ٹیمیں آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ پنجاب بھر میں 800 سے زائد ریسکیو بوٹس، 15000 سے زائد ریسکیورز مون سون اور فلڈ آپریشن کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔ ریسکیو پنجاب نے صرف کل 129 بلڈنگ گرنے کے واقعات پر ریسکیو سروسز فراہم کی ہیں۔ صرف کل 129 ایمرجنسیز میں 198 لوگوں کو ریسکیو کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اب تک پنجاب بھر کے مخدوش سیلابی علاقوں سے 641 لوگوں اور 176 جانوروں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔