24 گھنٹوں میں 1274 ٹریفک حادثات

686 افراد شدید زخمی، 78 فیصد حادثات موٹرسائیکل کے ہوئے ،، لاہور پہلے، فیصل آباد دوسرے نمبر پررہا 
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1274 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 686 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 825 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (78 فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 804 ڈرائیورز، 65 کم عمر ڈرائیور، 551 مسافر اور 164 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 215 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 261 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 99 حادثات میں 115 متاثرین کے ساتھ دوسرے، گوجرانوالہ 78 حادثات میں 81 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1519 متاثرین میں 1196 مرد اور 323 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 281 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 826 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 412 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1277 موٹرسائیکلز، 82 آٹو رکشے، 107 کاریں، 22 وین، 8 مسافر بسیں، 34 ٹرک اور 107 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔