2461 مقدمات درج، بچوں کو بھیک منگوانے والے ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کا پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس حوالے سے رواں سال 2526 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 2461 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار گداگروں میں 2414 مرد، 100 خواتین جبکہ 12 سہولت کار شامل ہیں۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ گداگری پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، صوبائی دارالحکومت کو اس سماجی لعنت سے پاک کریں گے۔ سی سی پی او لاہور نے بے روزگار مزدوروں کے بھیس میں بھیک مانگنے والے نشئیوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائے جانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمسن بچوں کو گداگری کی بھینٹ چڑھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو آلہ کار بنا کر بھیک منگوانے والے ٹھیکیداروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے توسط سے گداگر بچوں کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوالٹی ایجوکیشن ہر بچے کا حق ہے، ان معصوموں کے مستقبل سے کھیلنے والے مکروہ کرداروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔