پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی جنرل نشست پر پولنگ جاری، حکومتی اتحاد کو واضح برتری حاصل

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی جنرل نشست پر پولنگ جاری، حکومتی اتحاد کو واضح برتری حاصل

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی ایک جنرل نشست پر انتخابی عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

 اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے ایوان کو عارضی پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔پولنگ کا آغاز ن لیگ کے رکن راجہ صغیر احمد کے پہلے ووٹ سے ہوا۔ اب تک کئی حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اپنے ووٹ کاسٹ کر دیے ہیں۔ حکومتی صفوں سے رانا محمد ارشد اور پیر اشرف رسول نے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے آشفہ ریاض فتیانہ، علی امتیاز وڑائچ اور رانا شہباز نے ووٹ ڈالے۔

انتخابی عمل کی نگرانی صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ بطور پریزائیڈنگ آفیسر کر رہے ہیں۔

اسمبلی میں طاقت کا تناسب:
پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں: 371
خالی نشستیں: 2
ووٹ ڈالنے کے اہل ارکان کی تعداد: 369
سینیٹ کی نشست جیتنے کے لیے درکار ووٹ: 184
پارٹی پوزیشن:
مسلم لیگ (ن): 229
پاکستان پیپلز پارٹی: 16
مسلم لیگ (ق): 11
مسلم لیگ (ضیاء): 1
سنی اتحاد کونسل: 75
آزاد ارکان: 28
تحریک لبیک پاکستان (TLP): 1
مجلس وحدت المسلمین (MWM): 1
پنجاب اسمبلی میں حکومتی اتحاد کو 261 ووٹوں کی واضح برتری حاصل ہے، جب کہ اپوزیشن کے پاس 108 ووٹ ہیں۔

امیدواران:
حکومتی امیدوار: حافظ عبدالکریم
اپوزیشن امیدوار: مہر عبدالستار
حکومتی اتحاد کی عددی برتری کے پیش نظر سینیٹ کی یہ نشست حافظ عبدالکریم کے نام ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتیجہ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔