سینیٹ انتخابات: خیبر پختونخوا، پنجاب اور قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شیڈول جاری

سینیٹ انتخابات: خیبر پختونخوا، پنجاب اور قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ شیڈول جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

 خیبر پختونخوا، پنجاب اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے شیڈول کے مطابق پولنگ جولائی 2025 کے دوران مختلف ایوانوں میں منعقد کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات:
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے پولنگ 21 جولائی 2025 کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہوگی۔یہ انتخابات پہلے 2 اپریل 2024 کو ہونے تھے، لیکن اسپیکر کی جانب سے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج کے نامکمل ہونے کے باعث مؤخر کر دیے گئے تھے۔

سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب:
سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے:

کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ: 10 اور 11 جولائی 2025
کاغذات کی جانچ پڑتال: 16 جولائی 2025
پولنگ کی تاریخ: 31 جولائی 2025
مرحوم سینیٹر ساجد میر کی نشست پر پولنگ:
پنجاب سے مرحوم سینیٹر ساجد میر کی خالی نشست پر بھی پولنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر نظرثانی شدہ فہرست جاری کرے گا: 15 جولائی 2025
کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ: 16 جولائی 2025
پولنگ پنجاب اسمبلی میں 21 جولائی 2025 کو ہوگی۔
قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستیں:
خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ ن کی دو خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے:

ریٹرننگ آفیسر کا پبلک نوٹس: 8 جولائی 2025
کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ: 9 اور 10 جولائی 2025
کاغذات کی جانچ پڑتال: 14 جولائی 2025
امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجرا: 24 جولائی 2025
مسلم لیگ ن کی ترجیحی فہرست ختم ہو چکی ہے، جسے 10 جولائی تک ریٹرننگ آفیسر کو دوبارہ جمع کروانا ہوگا۔

نو منتخب ارکان کے حلف کی ہدایت:
الیکشن کمیشن نے 2 جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، ان کی حلف برداری کے لیے اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ تمام نومنتخب اراکین سینیٹ انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔