ورلڈ انڈر 17 چیمپئن حسنین اختر کی انڈر 21 میں شاندار کارکردگی، احسن رمضان بھی کامیاب

ورلڈ انڈر 17 چیمپئن حسنین اختر کی انڈر 21 میں شاندار کارکردگی، احسن رمضان بھی کامیاب

پاکستان کے نوجوان اسنوکر کھلاڑی عالمی سطح پر مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن حسنین اختر نے آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے گروپ کا دوسرا میچ بھی جیت لیا۔

حسنین نے سری لنکا کے کیویسٹ خالد غزالی کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی نے میچ کے فریمز 100-01، 111-01 اور 67-40 سے اپنے نام کیے۔اس سے قبل، حسنین نے گروپ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کے کھلاڑی کا لونگ پینگ کو بھی 3-0 سے شکست دی تھی، یوں وہ ایونٹ میں مسلسل دو فتوحات حاصل کر چکے ہیں۔دوسری جانب، پاکستان کے ایک اور نمایاں کھلاڑی احسن رمضان نے بھی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔ انہوں نے انڈر 21 چیمپئن شپ میں اپنے دوسرے گروپ میچ میں بھارتی کھلاڑی بھاویا پیپالیا کو بآسانی 3-0 سے زیر کیا۔ میچ کے اسکورز 98-04، 54-32 اور 57-46 رہے۔

علاوہ ازیں، احسن رمضان نے ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں بھی اپنی فتح کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بحرین کے کھلاڑی عبداللّٰہ محمد کو 4-0 سے مات دی۔ اس جیت سے احسن نے دونوں ایونٹس میں اپنی بھرپور موجودگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں اسنوکر کا مستقبل تابناک ہے، اور یہ نوجوان عالمی سطح پر قومی پرچم کو بلند کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔