بھارت:فوجی اہلکار کے ہاتھوں خاتون پولیس افسر قتل

 دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس پر دیلیپ نے طیش میں آ کر ارونا کا گلا دبا دیا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کی سکیورٹی فورسز میں خواتین کے خلاف استحصال اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ۔ ، بھارتی ریاست گجرات کے ضلع کچھ میں تعینات ایک خاتون اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو اس کے لِو اِن ساتھی، جو کہ ایک سی آر پی ایف کا اہلکار ہے، نے مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون افسر ارونا ناتوبھائی جیادو انجار پولیس اسٹیشن میں تعینات تھیں۔ ان کا قاتل، دیلیپ دانگچیا، بھارتی فورس سی آر پی ایف کا اہلکار ہے، جو کہ ریاست منی پور میں تعینات تھا۔ اس نے ہفتے کی صبح انجار پولیس سٹیشن میں خود کو پیش کر کے جرم کا اعتراف کیا ۔ذرائع کے مطابق ارونا اور دیلیپ کی ملاقات 2021 میں انسٹاگرام پر ہوئی، جس کے بعد دونوں نے ساتھ رہنا شروع کر دیا۔ واقعے کی رات دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا، جو شدت اختیار کر گیا، اور دیلیپ نے طیش میں آ کر ارونا کا گلا دبا دیا۔