بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ بولیاں لگوائیں، سپیکر نے اسمبلی میں کورم کا مسئلہ منصوبہ بندی کے تحت بنایا
فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہاہے کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے سازش کے تحت ارکان کو حلف برداری سے روکا۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ فیصل آباد اورجڑانوالہ میں بارشوں کے دوران انتظامیہ متحرک ہے، لوگوں کو جانی و مالی نقصان سے بچایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور سپیکر نے عدالتی حکم کوہوا میں اڑایا، منتخب اراکین سے حلف نہ لینا توہین عدالت ہے،خیبرپختونخوا اسمبلی میں کورم کا بہانہ بنایا گیا، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اسمبلی میں کورم کا مسئلہ منصوبہ بندی کے تحت بنایا۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ بولیاں لگوائیں، یہ ارب پتی لوگوں کولاتے ہیں پھر ان کی پارٹی میں ردعمل آتا ہے، خیبرپختونخوا میں ہمیشہ سیٹیں بیچی جاتی ہے، سینیٹ کو مکمل ہونے سے روکنا بہت بڑا آئینی جرم ہے۔طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کوہستان پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل سامنے آیا، سکینڈل کے بینفشری سارے لوگ ان کے اپنے ہیں۔