صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے میرے پاس کوئی اختیار نہیں، سپیکرنے اپوزیشن لیڈر کوجواب دیدیا
پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کے حلف کے معاملے پر سپیکر نے اجلاس بلانے سے معذرت کرلی۔ذرائع سپیکر کے پی اسمبلی کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے میرے پاس کوئی اختیار نہیں۔ سپیکر نے اپوزیشن لیڈر کو جواب دے دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ 21جولائی کو سینیٹ انتخابات کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی کا ہال فراہم کیا جائے۔(ن) لیگ کے بحال ارکان نے الیکشن کمیشن کو خط میں کہا ہے کہ سپیکر کے پی اسمبلی نے حلف کے لیے اجلاس بلانے سے انکار کر دیا ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو کہیں وہ حلف لینے کے لیے کسی کو نامزد کریں کیوں کہ آرٹیکل 225تین کے تحت ارکان کا حلف ضروری ہے۔الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کو حلف سے متعلق آگاہ کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن سے پہلے نئے ممبران کا حلف ضروری ہے، سپیکر نئے ممبران کے حلف سے متعلق اقدامات کریں۔الیکشن کمیشن کے مطابق نئے ممبران کا ایک ہفتے میں حلف کا عمل مکمل کیا جائے جبکہ ناہیدہ نور، عارفہ بی بی اور گورپال سنگھ کا حلف نہ لیا جائے۔