مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانیوالی 2 بسیں حادثے کا شکار:9مسافر جاں بحق،27زخمی

 کراچی سے پکنک پر کینجھر جھیل جانیوالی بس ٹھٹھہ بائی پاس کے قریب الٹ گئی ، جس کے باعث 6 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے
 مانسہرہ جانیوالی بس خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب پھسلن کے باعث الٹ گئی، 3افراد جاں بحق، 15زخمی ہو گئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک 
 کراچی/خیرپور(آئی ا ین پی )کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں راستے میں الٹنے کے باعث 9 مسافر جاں بحق اور 27زخمی ہو گئے۔تفصیل کے مطابق کراچی سے پکنک پر کینجھر جھیل جانے والی ایک بس ٹھٹھہ بائی پاس کے قریب الٹ گئی ، جس کے باعث 6 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ٹھٹھہ بائی پاس پر بس الٹ کر کھائی میں گر گئی ۔لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق اورنگی ٹائو ن سے ہے۔دوسرے واقعہ میں کراچی سے مانسہرہ جانے والی ایک مسافر بس خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر پھسلن کے باعث الٹ گئی، اس حادثے میں 3 افراد جاں بحق، اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جب کہ مرنے والوں میں ایک خاتون اور ڈرائیور بھی شامل ہے۔۔پولیس کے مطابق حادثہ بارش میں تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔