گل پلازہ آگ: لوگ بچاؤ کے لیے چھت گئے، دروازہ تالے کی وجہ سے بند رہا:کے ایم سی فائر آفیسر

گل پلازہ آگ: لوگ بچاؤ کے لیے چھت گئے، دروازہ تالے کی وجہ سے بند رہا:کے ایم سی فائر آفیسر

کے ایم سی کے فائر آفیسر ظفر خان نے گل پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی کے حوالے سے تفصیلی انکشافات کیے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے دوران لوگوں نے چھت کی طرف جانے کی کوشش کی، مگر چھت پر جانے والے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا، جس کی وجہ سے مشکل پیش آئی۔ظفر خان کے مطابق، جب آگ لگی اس وقت مارکیٹ بند تھی، اس لیے بیشتر دروازے بند کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاع پر تین فائر ٹینڈرز کو ایک ساتھ بھیجا گیا تھا، لیکن سڑک تنگ ہونے اور دکانداروں کی افراتفری کی وجہ سے ریسکیو آپریشن متاثر ہوا۔ دکاندار اپنی دکان کی آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز سے پائپ کھینچ رہے تھے، جس سے کام میں رکاوٹ آئی۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کے ایم سی کے ہنگامی سیفٹی آڈٹ سے معلوم ہوا ہے کہ صرف 5 فیصد عمارتوں میں حفاظتی آلات موجود ہیں، اور ہنگامی اخراج کے راستے بھی ناکافی ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ پہلے دن سے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں، اور اب بھی دو مقامات پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔ کل، سرچنگ کے دوران دو لاشیں نکالی گئی ہیں۔ظفر خان نے بتایا کہ ایک حصہ کلیئر ہو چکا ہے جبکہ باقی دو حصوں کی تلاش جاری ہے، اور آج ان علاقوں میں بھی سرچنگ کی جائے گی جہاں پہلے نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر فائٹنگ ٹیمیں جہاں بھی ممکن ہوا، وہاں کام کرتی رہیں گی، اور ملبے کو باریک بینی سے چیک کیا جا رہا ہے تاکہ ملبے تلے لوگ تلاش کیے جا سکیں۔