وائلڈ لائف اہلکاروں کی ملی بھگت ،دیہاتی نایاب ہرن کھا گئے

مقبوضہ کشمیر سے داخل ہونیوالے ہرن کو بڈھیاری کے نوجوانوں نے گھیرکر دبوچ لیا
اہلکاروں سے پوچھ کربتائوں گی ہرن کھانے والوں کیخلاف کارروا ئی کیوں نہ کی :انچارج 
سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ)محکمہ وائلڈ لائف کی ملی بھگت سے دیہاتی نایاب نسل کا سنبل ہرن پکڑ کر کھا گئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر میں شدید برف باری اور سردی کے باعث نایاب جنگلی جانور سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔ محکمہ وائلڈ لائف کی ملی بھگت اور لاپروا ئی کے باعث وہاں کے دیہاتی نایاب جنگلی جانوروں کو پکڑ کر وائلڈ لائف کے حوالے کرنے کے بجائے ذبح کرکے کھا جاتے ہیں۔ سوموار کے روز تھانہ سبز پیر کے گاؤں بڈھیاری کے کھیتوں میں سنبل نسل کا نایاب ہرن دیکھا گیا جس پر وہاں کے رہائشی جن کی قیادت عامر نامی نوجوان کررہا تھا ،نے اس کا پیچھا شروع کردیا ،دیہاتی نوجوان ہرن کو چاروں طرف سے گھیر کر برساتی نالہ میں لے گئے اور پکڑ لیا ، بعدازاں ذبح کرکے کھا گئے۔ ہرن کا گوشت کھانے کے دوران نوجوان جشن بھی مناتے رہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انچارج وائلڈ لائف اربیہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پسرور میں تعینات اہلکاروں سے رابطہ کرکے بتاؤں گی کہ ہرن پکڑ کر کھانے والے نوجوانوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔