ابتدائی طبی امداد کے بعد ہرن وائلڈ لائف پارک منتقل کردیا گیا
لاہور (خصوصی رپورٹ) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں وائلڈ لائف رینجرز حافظ آباد نے ونیکے تارڑ کے دریائی علاقے سے اپنے قدرتی مسکن سے بھٹکے نایاب نر سامبر ہرن کو بحفاظت ریسکیو کیا اور جوہر آباد وائلڈ لائف پارک منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع حافظ آباد حنفیہ یوسف نے بتایا کہ ونیکے تارڑ میں ایک سامبر ہرن انسانی آبادی میں بھٹک رہا تھا، جس پر فوری ریسکیو ٹیم تشکیل دی گئی اور موقع پر روانہ کر کے نر سامبر ہرن کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے وائلڈ لائف پارک جوہر آباد منتقل کیا گیا تاکہ مناسب جوڑابندی کے بعد افزائش نسل ممکن بنائی جا سکے۔حافظ آباد کے دریائی علاقے ونیکے تارڑ کا یہ علاقہ سامبر ہرن کا قدرتی مسکن نہیں ہے۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر کا کہنا ہے کہ اغلب امکان ہے کہ یہ جانور سیلاب کے دنوں میں بھارت سے یہاں بہہ کر آیا اور قریبی جنگل میں مسکن پزیر ہوا، لیکن بعد میں بھٹک کر انسانی آبادی میں داخل ہو گیا۔