متعلقہ محکموں کو تمام بقایا جات وصولی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں پبلک اکائونٹس کمیٹی-II کی میٹنگ ہوئی، جسکی صدارت ایم پی اے علی حیدر گیلانی نے کی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ اور متعلقہ سرکاری محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، الحاق شدہ اداروں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی سے متعلق آڈٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آڈٹ پیراز میں یونیورسٹی احاطے کی نیلامی سے حاصل ہونے والی لیز کی رقم کی عدم یا جزوی وصولی، بغیر اشتہار ایڈہاک ملازمین کی غیر قانونی تقرریاں، تربیتی کورسز مکمل نہ کرنے والے پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز سے 45 ملین روپے کی عدم وصولی، ادویات خریداری میں تاخیر پر واجب الادا جرمانوں کی عدم وصولی، تاخیر سے ترسیل پرہونے والے مالی نقصانات اور عملے کو تنخواہوں و الائونسز کی غیر قانونی ادائیگی جیسے معاملات شامل تھے۔کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام بقایا جات کی وصولی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔