سپین میں ٹرین حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، بارسلونا کے قریب ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ ٹرین میں سوار تمام 37 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ہسپانوی ایمرجنسی سروسز کے مطابق یہ حادثہ گذشتہ روز بارسلونا کے نواحی علاقے میں سانت سادورنی دانویا اور جیلیدا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا، جو بارسلونا سے تقریباً 35 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث ایک حفاظتی دیوار منہدم ہو کر ریل کی پٹری پر آ گری، جس سے کموٹر ٹرین توازن برقرار نہ رکھ سکی اور پٹڑی سے اتر گئی۔حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، زخمی مسافروں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ علاقے میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں متعدد افراد کو ہڈیوں کے فریکچر اور سر پر چوٹیں آئی ہیں۔کاتالونیا کے قائم مقام صدر البرٹ دالماؤ میرانڈا نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی حفاظت اور علاج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث کاتالونیا کے کئی ریلوے روٹس پہلے ہی بند کیے جا چکے تھے، تاہم اس کے باوجود یہ حادثہ ریلوے انفراسٹرکچر کی کمزوری کو واضح کرتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیوار کا گرنا بارشوں کے باعث زمین کھسکنے اور حفاظتی ڈھانچے کی خستہ حالی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ یہ حادثہ محض دو روز قبل جنوبی سپین کے صوبے کوردوبا کے علاقے آدموز کے قریب پیش آنے والے ایک ہولناک ٹرین تصادم کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ اس حادثے میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے اور تحقیقات ریل کی پٹری میں ممکنہ تکنیکی خرابی اور ویلڈنگ کے نقص پر مرکوز ہیں۔
سپین میں حالیہ دنوں کے دوران پیش آنے والے ان مسلسل ٹرین حادثات نے ملک کے ریلوے نظام، حفاظتی اقدامات اور انفراسٹرکچر کی حالت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جس پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔