راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین جہلم کے قریب پٹڑی سے اتری

راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین جہلم کے قریب پٹڑی سے اتری

جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی، تاہم حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات تقریباً ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین جب جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پہنچی تو مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور 3 بوگیاں متاثر ہوئیں۔ حادثے کے وقت ٹرین میں موجود مسافروں میں سے کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔حادثے کے فوراً بعد ریلوے کے متعلقہ عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ متاثرہ ٹرین کو ہٹانے اور ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لیے امدادی و تکنیکی کارروائیاں جاری ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کی پٹڑی سے اترنے کے باعث اس روٹ پر دیگر ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوسکتی ہے اور ٹرین سروس کے معمول کے شیڈول میں تاخیر کا امکان ہے۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ بریک میں خرابی کس وجہ سے پیدا ہوئی اور آیا حادثے سے قبل ٹرین کے تکنیکی نظام میں کسی خرابی کی نشاندہی ہوئی تھی یا نہیں۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مکمل جانچ اور متاثرہ ٹرین کی بحالی کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت معمول پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔حکام کی جانب سے حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات اور تحقیقات کی حتمی رپورٹ تاحال سامنے نہیں لائی گئی۔