امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک چھوٹے قصبے کے قریب خطرناک مواد لے جانے والی ٹرین کی 35 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی علاقے کو خالی کرایا گیا۔
یونین پسیفک کمپنی کی ترجمان روبن ٹائسور کے مطابق حادثہ منگل کی دوپہر امریکی وقت کے مطابق دو بجے قصبہ گورڈن کے مشرق میں پیش آیا، جو فورٹ ورتھ سے تقریباً 105 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ حادثے کے بعد پٹڑی کے قریب گھاس میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں اٹھنے لگا، لیکن کسی ڈبے سے مواد کا اخراج نہیں ہوا۔ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کئی بوگیاں ایک دوسرے کے اوپر چڑھ گئی ہیں جبکہ قریبی گھاس میں لگی آگ کو فائر بریگیڈ کے عملے نے بجھانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ایمرجنسی سروسز ڈسٹرکٹ کے مطابق حادثے کو ممکنہ طور پر خطرناک مواد سے متعلق خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بوگیوں میں کون سا سامان موجود تھا۔تمام عملے کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ یونین پسیفک کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئی ہیں جبکہ پالونٹو فائر ڈیپارٹمنٹ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔ صورتحال فی الحال مستحکم ہے مگر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔