اپنی فوج کو سیلوٹ ماریں گے‘ آرمی چیف اپنی ڈومین میں چلے جائیں تو میں ان کے ہاتھ چوموں گا، وطن کی حفاظت اور بہتری کیلئے کردار ادا کریں گے
عوام کے دکھ درد کم کرنا ترجیح ہوگی،مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں،انصاف دیئے بغیر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہو سکتا: سینیٹ میں پہلا خطاب
اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے اصولوں پر کبھی سمجھوتانہیں کروں گا،وطن کی حفاظت اور بہتری کیلئے کردار ادا کریں گے،سیاسی بحران کے خاتمہ کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، آرمی چیف آج اپنی ڈومین میں چلے جائیں تو میں ان کے ہاتھ چوموں گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں عوام کے دکھ درد کم کرنا اولین ترجیح ہوگی،مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں،انصاف دیئے بغیر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہو سکتا۔ملک سیاسی بحران اور بے چینی کا شکار ہے،آئین کے دائرے میں احتجاج ملک کو مضبوط بناتا ہے،انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں غلط فیصلوں نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ سیاسی بحران کے خاتمہ کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے، اللہ نے تمام پیغمر عدل کیلئے بھیجے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ تینوں ریاستی اداروں کا استقلال ختم ہوچکا ہے،چند دہشتگردوں کی تلاش کیلئے پورے علاقہ کو اٹھا دیا، اگر یہی کام ان کو کہتے تو وہ دہشتگرد ڈھونڈ دیتے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف قائم کیا جائے، ہم لاہور گئے ہماری گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے، کیا ہم دہشتگرد تھے۔انہوں نے کہا کہ کیا ایسے لوگوں کو حراساں کرکے آپ نظام چلا لیں گے؟ لوگوں کو بولنے دیں،اس سے ملک مضبوط ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو آزاد کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز نہیں چل رہے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم اپنی فوج کو سیلوٹ ماریں گے، آرمی چیف آج اپنی ڈومین میں چلے جائیں تو میں ان کے ہاتھ چوموں گا، میرے خاندان نے جنگیں لڑی ہیں اور ساتھ دیا ہے۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے علامہ راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنی نشست سنبھال لی،رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ، طارق فضل چودھری نے مصافحہ کیا اور مبارکباد دی۔