اسلام آباد (آن لائن) قائدِ حزبِ اختلاف، سینیٹِ پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر درج ذیل تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ تمام تقرریاں بغیر کسی مراعات اور اضافی سہولیات کے عمل میں لائی گئی ہیں۔ ان کے باضابطہ اعلان کے مطابق سید محسن شہریار کو ترجمان اور فوکل پرسن برائے قائدِ حزبِ اختلاف، سینیٹ، انجینئر ظہیر نقوی کو ڈپٹی فوکل پرسن برائے قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ آغا سید محمد رضا کو ڈائریکٹر، سیکرٹریٹ برائے قائدِ حزبِ اختلاف، سینیٹ مقرر کیا گیا ہے۔قائدِ حزبِ اختلاف نے تمام نامزد افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور اپنے فرائض دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل لگن کے ساتھ انجام دیں۔ یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔