سپیکر قومی اسمبلی نے نوٹیفیکیشن تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور چیف وہپ عامر ڈوگر کے حوالے کیا ‘محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی کے قاعدہ 39 کے تحت اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے‘ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اگست سے خالی تھا
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن پیر کو جاری کر دیا جائے گا‘ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی قائم مقام صدر کی ذمہ داریوں کا اختتام ہونے پر نوٹیفیکیشن جاری کریں گے‘اچکزئی کو مبارکباد دینے کیلئے سیاستدانوں کے فون
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 9 مئی کیس میں عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔ دریں اثنا ا قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا۔ آغاز ہی میں اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ اس موقع پر اسپیکر نے چیف وہپ کو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے اپنے چیمبر میں بلا لیا اور کہا کہ عامر ڈوگر آپ میرے چیمبر آئیں، آپ کو نوٹیفکیشن دینا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پارٹی کا وفد اسپیکر آفس پہنچا‘دریں اثناء سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا عمل مکمل ہو گیا ہے، اور علامہ ناصر عباس کی تقرری کا نوٹیفیکیشن تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پیر کے روز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی قائم مقام صدر کی ذمہ داریوں کا اختتام ہونے پر یہ نوٹیفیکیشن جاری کریں گے‘علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے سیاسی قیادت نے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ترجمان اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بتایا کہ سابق گورنر بلوچستان ظہور آغا، سابق گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے محمود اچکزئی سے رابطہ کیا ہے۔ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن اور پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی محمود اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان اپوزیشن اتحاد کے مطابق سیاسی قیادت نے محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔